جنوبی افریقن آل راؤنڈر جے پی ڈومینی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان 

222

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقن ٹیم کے آل راؤنڈر جے پی ڈومینی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے، ڈومینی کو 2008ء سے جولائی 2017ء تک 46 ٹیسٹ میچز میں پروٹیز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے جس میں انہوں نے 6 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 2103 رنز بنائے جبکہ انہوں نے 42 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ڈومینی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے طویل سوچ وچار کے بعد فرسٹ کلاس اور ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تاکہ تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پر مرکوز رکھ سکوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 16 برس فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی اور 46 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کی جو کہ میرے لئے باعث اعزاز بات ہے اور میں ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کروں گا۔، خواہش ہے کہ میری جگہ نوجوان کھلاڑی آگے آ کر ملک کی نمائندگی کریں اور ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں۔