ٹی ٹوئنٹی رینکنگ‘ عماد وسیم اول‘ بابر اعظم چھٹے نمبر پر 

221

دبئی (جسارت نیوز)انٹر نیشنل کر کٹ کونسل نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے،پاکستانی نوجوان بلے باز بابر اعظم 21 درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بولنگ رینکنگ میں پاکستانی نواجون عماد وسیم سر فہرست ہیں، مختصر فارمیٹ کی بیٹنگ اور بولنگ رینکنگ میں بابر اعظم اور عماد وسیم کے علاوہ کوئی پاکستانی کر کٹر ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل نہیں ہے،ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلے، پاکستان دوسرے جبکہ ویسٹ انڈیز تیسرے نمبر پر موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سیریز کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی ہے ،بیٹسمینوں کی فہرست میں بھارت کے ویرات کوہلی پہلے آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے ،ویسٹ انڈیز کے لیوائس تیسرے،نیوزی لینڈ کے ولیمسن چوتھے،آسٹریلیا کے میکسویل پانچویں نمبر پر موجود ہیں ۔آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم ٹاپ 10پلیئرزمیں شامل ہوگئے ہیں اور بابر اعظم 21 درجہ ترقی پاتے ہوئے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں ۔



اسی طرح بولرز میں پاکستان کے عماد وسیم بدستورپہلے نمبر پر موجود ہیں۔بھارت کے جسپرت بومرا ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر جبکہ جنوبی افریقا کے عمران طاہر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلے پاکستان دوسرے جبکہ ویسٹ انڈیز کا تیسرا نمبر ہے ۔