شکریہ پاکستان‘ یہ کرکٹ نہیں کچھ اورہی تھا‘بین کٹنگ 

241

سڈنی (جسارت نیوز)ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ختم ہو چکا لیکن کھلاڑیوں کے پاکستان میں قیام کی تعریفیں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کا شکریہ، یہ کرکٹ نہیں کچھ اورہی تھا۔بین الاقوامی ٹیم کے دورہ پاکستان کو ہر طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔ ورلڈ الیون میں شامل سب ہی کھلاڑیوں نے پاکستان کے دورے کو یادگار قرار دیا ہے ۔ورلڈ الیون میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس پر اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائی نے پلے کارڈ اٹھایا ہوا ہے جس پر تھینک یو آئی سی سی ورلڈ الیون لکھا ہوا ہے ۔بین کٹنگ نے لکھا ہے کہ نہیں ،پاکستان کا شکریہ ۔ انہوں نے پاکستان میں قیام کے حوالے سے لکھا کہ کیا ہی ہفتہ تھا یہ ۔ یہ صرف کرکٹ نہیں ۔ یہ کچھ اور ہی تھا۔