ناکام عہدیداران ایتھلیٹکس فیڈریشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف

384

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن گزشتہ8 سالوں میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ، اسلامک گیمز ، ساؤتھ ایشین گیمز سمیت بڑے انٹرنیشنل ایونٹس میں مایوس کن کارکردگی دکھانے کے باوجود فیڈریشن کے عہدداران نے اسپورٹس پالیسی کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے تیسری مدت کیلئے بھی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کمر کس لی جبکہ الیکشن کیلئے فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس کل لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سال 2011میں اتھلیٹکس فیڈریشن کی صدارت سنبھالنے والے میجر جنرل (ر) اکرم ساہی اور سیکرٹری محمد ظفر انٹرنیشنل سطح پر اتھلیٹکس کے میدان میں پاکستان کا لوہا منوانے میں ناکام نظر آئے اور کسی بھی بڑئے ایونٹ میں پاکستان کو میڈل جتوانے کیلئے بہترین اتھلیٹس کی تیاری میں بھی کارگر ثابت نہ ہوسکے ۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی رپورٹ کے مطابق اکرم ساہی کی صدارت میں قومی اتھلیٹکس ٹیم نے پہلی بار ساؤتھ ایشین گیمز میں مایوس کن کارکردگی دکھائی اور 2016میں بھارت میں کھیلی گئی بارہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں چاندی کے صرف 3 میڈلز پاکستان جیت سکا جبکہ ان سے قبل لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد صفدر کے دورمیں بنگلا دیش میں منعقدہ 11ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں قومی اتھلیٹکس ٹیم نے سونے کے 4اور چاندی کے 2میڈلز اپنے نام کیے تھے ۔



رپورٹ کے مطابق میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کے دور میں رواں سال باکو میں کھیلی گئی اسلامک سلیڈرٹی گیمز میں بھی پاکستانی اتھلیٹس صرف ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کر سکا جبکہ اسلامک گیمز میں شرکت کرنیوالی اتھلیٹکس ٹیم کے2 اتھلیٹس رضیہ سلطانہ اور سہیل عامر نے اپنے ایونٹس میں حصہ ہی نہیں لیا جن کیخلاف اتھلیٹکس فیڈریشن تا حال کوئی ایکشن نہ لے سکی جبکہ 2014ء میں ہونیوالے ایشین گیمز جیسے بڑئے ایونٹ میں بھی قومی اتھلیٹس کو بھجوانے میں فیڈریشن ناکام رہی ۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سالانہ گرانٹ اور اسپیشل گرانٹس کی مد میں اتھلیٹکس فیڈریشن کو 6 سالوں کے دوران 25ملین روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے لیکن اتھلیٹکس کے میدان میں آگے بڑھنے کی بجائے یہ کھیل زوال کا شکار ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب میجر جنرل (ر) اکرم ساہی اور سیکرٹری ظفر محمود نے تیسری باز اتھلیٹکس فیڈریشن کا صدر اور سیکرٹری منتخب ہونے کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے اور اس حوالے سے فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اہم اجلاس کل لاہور میں طلب کر لیا ہے ۔