آسڑیلیا اور بھارت عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے لیے نبرد آزما

311

اسلام آباد(جسارت نیوز) عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کیلئے قسمت آزمائی جاری ہے۔ بھارتی ٹیم نے پہلے میچ میں کینگروز کو 26 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-0 سے برتری حاصل کر رکھی ہے ، دونوں ٹیموں کے پاس جنوبی افریقا سے پہلی پوزیشن چھیننے کا موقع ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے مابین ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاپ پوزیشن کیلئے امتحان ہے، اس وقت جنوبی افریقن ٹیم 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، آسٹریلیا اور بھارت 117، 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، دونوں میں سے جو بھی ٹیم 5-0 یا 4-1 سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی تو وہ عالمی درجہ بندی میں پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دے گی۔



اگر بھارتی ٹیم 5-0 سے کامیاب ہوئی تو اس کے 122 اور کینگروز کے 113 پوائنٹس ہو جائیں گے، اگر بھارت 4-1 سے جیتا تو اس کے 120 اور آسٹریلیا کے 114 پوائنٹس ہوں گے، 3-2 سے فتح کی صورت میں بھارت 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ جائے گا جبکہ کینگروز تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے جائیں گے، اسی طرح آسٹریلوی ٹیم بھارت کو وائٹ واش کر کے 122 پوائنٹس حاصل کر سکتی ہے، 4-1 سے فتح کی صورت میں بھی کینگروز ٹاپ پوزیشن پر چلے جائیں گے، اگر آسٹریلیا 3-2 سے کامیاب ہوا تو اس کا ایک پوائنٹ بڑھے گا تاہم وہ دوسرے نمبر پر برقرار رہے گی اور بھارت کا تیسرا نمبر ہو گا۔