ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018ء کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا

242

زیورخ(جسارت نیوز) آئندہ برس شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں روس میں ٹکٹوں کی فروخت کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، میگا ایونٹ آئندہ برس 14 جون سے شروع ہو گا۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے تمام تر تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے تحت پہلے مرحلے میں ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو چکا ہے جو 12 اکتوبر تک جاری رہے گا، شائقین فیفا کی ویب سائٹ پر ہر میچ کیلئے الگ الگ ٹکٹوں کی درخواستیں جمع کرانے کے اہل ہوں گے، ٹکٹوں کے حصول میں کامیاب اور ناکام رہنے والے شائقین کو 16 نومبر کو مطلع کیا جائے گا۔ 16 سے 28 نومبر کے دوران شائقین کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ٹکٹیں ملیں گی۔ ٹکٹوں کی فروخت کے دوسرے مرحلے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں شائقین 5 دسمبر سے 31 جنوری تک ٹکٹیں حاصل کر سکیں گے جبکہ دوسرے حصے میں 13 مارچ سے 3 اپریل تک مداحوں کو ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔



اس کے علاوہ ٹکٹوں کی فروخت کے (لاسٹ منٹ) سیلز فیز میں شائقین 18 اپریل سے 15 جولائی تک بھی ٹکٹیں خرید سکیں گے، مقامی شائقین کو ٹکٹوں کے حصول کیلئے خصوصی طور پر رعایت ہو گی۔ فائنل میچ کیلئے ٹکٹ سب سے مہنگا ہو گا جس کی قیمت 829 پاؤنڈ رکھی گئی ہے۔