ڈیوس کپ‘ پاکستان نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر گروپ ون کے لیے کوالیفائی کرلیا

341

اسلام آباد (جسارت نیوز) ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون گروپ ٹو ٹائی کے تیسرے راؤنڈ میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے گروپ ون کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے، آخری روز اعصام الحق کو ریورس سنگل مقابلے میں شکست ہوئی تو دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر ہو گیا جس کے بعد آخری اور فیصلہ کن ریورس سنگل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی عقیل خان نے غیر معمولی کھیل پیش کر کے حریف تھائی کھلاڑی کٹی فونگ کو ایک اعصاب شکن مقابلے کے شکست فاش سے دوچار کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔ اتوار کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی گئی ٹائی کے آخری روز پہلے ریورس سنگل مقابلے میں تھائی لینڈ کے کھلاڑی ویشایا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے اعصام الحق کو زبردست مقابلے کے بعد 7-5، 7-6، 4-6، 6-7 اور 7-6 سے ہرا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا جس کے بعد آخری اور فیصلہ کن ریورس سنگل مقابلے میں عقیل خان نے تھائی کھلاڑی کٹی فونگ کو سخت مقابلے کے بعد 6-4، 6-3، 3-6، 2-6 اور 6-2 سے زیر کر کے ٹیم کو ٹائی میں 3-2 سے کامیابی دلائی۔