چیسٹرلی اسٹریٹ (جسارت نیوز) کرس گیل اور ایون لیوس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 21 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ایون لیوس 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، گیل نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں میزبان انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ایلکس ہیلز 43 اور جوز بٹلر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سنیل نارائن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش قائد این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، گیل اور لیوس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو 77 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا،
لیوس 51 اور گیل 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارلون سیموئلز 10، والٹن 13، پولارڈ 6، پاویل 28، بریتھویٹ اور نارائن 2، 2 اور ٹیلر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید اور لیام پلنکٹ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کالی آندھی کے بولرز کے سامنے انگلش ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ہیلز 43، بٹلر 30، جیسن روئے صفر، جوروٹ 17، کپتان مورگن 2، جونی بیئراسٹو 27، عادل رشید اور ڈیوڈ ویلے ایک، ایک پلنکٹ 18 اور جورڈن 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیسرک ولیمز اور کارلوس بریتھویٹ نے 3،3 جبکہ سنیل نارائن نے 2 وکٹیں لیں۔