حکومت پنجاب اور ادارہ صحت غریب عوام کا دشمن بناہوا ہے

261

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، میاں افتخار علی، ڈاکٹر محمد صدیق اور دیگر نے شہرکے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ادویات، اسٹریچر، وہیل چیئرز اور سرجری کے دیگر سامان کی غریب مریضوں کوعدم فراہمی اور ناقص سیکورٹی انتظامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب اور ادارہ صحت غریب عوام کا دشمن بناہوا ہے جس کے باعث دور دراز سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ ناقص سیکورٹی انتظامات کے باعث آئے روز چوری اور نوسربازی کی درجنوں وارداتیں معمول بن چکی ہیں لیکن اسپتال انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی



، اسٹریچر اور دیگر سرجری کا سامان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ادویات کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کے لواحقین اسپتال سے ملحقہ میڈیکل اسٹوروں سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں جو اپنے من مانے ریٹ لگا کر مریضوں کے ساتھ آنے والے لواحقین کو بھی پریشان کرتے ہیں۔ مسافر خانوں کی کمی کے باعث مریضوں کے لواحقین آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اسپتالوں میں سہولتوں کے فقدان کا نوٹس لے کر اسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو ریلیف فراہم کریں۔