امریکا دنیا میں امن کے لیے دوسروں کو تباہ کرنے کی پالیسی بدلے

368

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلام مخالف تقریراورایران سمیت دیگر ممالک کو دھمکی دینا انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے ٹرمپ دنیا میں فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں۔ملکوں پر قبضے کرنے کی سوچ کو بدلنا ہوگااور ایک دوسرے کی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ امریکی پالیسی ساز اداروں کو سوچنا ہوگاکہ ساری دنیا میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنے سے خودامریکہ کیسے محفوظ رہ سکتاہے۔گزشتہ دو دہائیوں میں نائن الیوان کو بہانہ بناکر امریکا نے لاکھوں افراد کا عراق اور افغانستان میں قتل عام کیا ہے۔ پاکستا نی حکمرانوں کو امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتار پھینکنے کی ضرورت ہے۔ جب تک ٹرمپ انتظامیہ جارحانہ اور منفی سوچ کو پروان چڑھاتی رہے گی،دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ عالمی برادری کو اس حوالے سے فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ دنیا میں امن چاہتی ہے یاخون خرابہ چاہتی ہے۔



انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار ایٹمی ریاست ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت ایسی پالیسیاں بنائے جن سے عوامی توقیر میں اضافہ اور ملک وقوم کو تحفظ فراہم کیاجاسکے۔برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرکے ہی ایک دوسرے کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے مقتدر حلقوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ دنیا میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکی ’’ڈومور‘‘ کے مطالبے کے جواب میں ’’نومور‘‘ کہا جائے۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں ملک میں امریکا مخالف تحریک چلا کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کے عوام امریکی غلامی سے نجات چاہتے ہیں۔ آج ہماری یہ تحریک پوری قوم کی آواز بن گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد ان کے بیانات اور اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اپنی اسلام دشمن پالیسی کا کھلم کھلا اظہار کررہا ہے۔ امریکا بھارت اور اسرائیل کی پشت پناہی کرکے عالمی امن کو تباہ وبرباد کرنا چاہتا ہے۔ اسلامی ممالک کو امریکا اور اس کے حواریوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے برما، کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے اس کے خلاف پوری امت مسلمہ کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے۔