قومی دولت لوٹنے والے پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں، شمس الرحمن

342

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ سابقہ شاہی خاندان کی جانب سے نااہل وزیراعظم نواز شریف کے احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کے تضحیک آمیز بیانات عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی توہین ہے، جی ٹی روڈ پر رونا دھونا کام آیا نہ ہی لاہورکے عوام نے ہمدردی کا ووٹ دیا۔ صوبائی اور قومی حکومتوں کے خزانے کے منہ کھول دیے گئے، اس کے باوجودووٹ کا مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہوسکا۔ شریف خاندان کی لندن میں ہندوستان کے اہم لوگوں سے ملاقاتیں اور پارٹی وزرا کے بیانات سے تشویش ہے لیکن پاکستان کے 20 کروڑ عوام ہندوستانی آشیرواد سے بننے والی کسی بھی سازش کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ساری عمر ملکی دولت لوٹ کر کھانے والے اب پاکستان کو توڑنے اور یہاں عدم استحکام چاہتے ہیں لیکن ہندوستان کی نمک حلالی کام نہ آئے گی اور عدلیہ کے فیصلوں کے نتیجے میں چوروں کی منزل اڈیالہ جیل ہوگی۔ اپنے بیان میں امیر ضلع نے کہا کہ ملکی سلامتی کے ادارے لندن میں بنائی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کرکے ملوث عناصر کے خلاف غداری کے مقدمات دائر کریں۔