مسلم ممالک برمی سفیروں کو ملک بدر کریں ، سید عبد الرشید

155

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی اپیل پر ضلع جنوبی کے زیر اہتمام روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے۔مظاہرین نے برما کے بدھسٹ حکمرانوں اور فوج ،اقوامِ متحدہ،عالمی تحفظ انسانی حقوق کے اداروں اور بڑی طاقتوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور ان کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید، قیم ضلع سفیان دلاور سمیت نائب امرائے ضلع اور امرائے زونز نے مظاہروں کی قیادت کی اور روہنگیا مسلمانوں کے لیے فنڈ بھی اکٹھا کیا ۔ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید کا کہنا تھا کہبرما کے مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہاہے ۔ زندہ انسانوں کو جلایا اور معصوم بچوں کو ذبح کیا جارہاہے ۔



انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک برما کے سفیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے ملک بدر کریں اور پاکستانی سفیر کو بر ما سے واپس بلایا جائے ۔ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر برما کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران گونگے بہرے اور اندھے ہیں جو برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچانا نہیں ، ہم احتجاج کے ذریعے عالمی ضمیر کو جگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے مارچ میں ضلع جنوبی کے تمام علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے اور اپنے مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے اور ثابت کر دیں گے کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں۔