روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی نے انسانیت کو شرمسار کردیا ،عبد الجمیل خان

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی نے انسانیت کو شرمسار کردیا ہے۔ مسلم حکمران برما میں مسلمانوں کے قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے غذائی اجناس، خوراک، ادویات وطبی امداد پہنچارہی ہے۔ کراچی میں آباد برمی باشندے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج بلند کریں۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبدالجمیل خان نے دفتر ضلع لانڈھی میں مولانا عبد المالک نعمانی کی سربراہی میں دس رکنی نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عبد الجمیل خان نے کہا کہ میانمر اور بنگلا دیش میں مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ڈھائے جانے والے مظالم نے نازیوں کے ظلم کو بھی شرمادیا ہے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں نے بے حسی کا عملی ثبوت فراہم کیا ہے۔



ترکی کے علاوہ کوئی اسلامی ملک مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمان بنگلا دیش کے جنگلوں میں بھوک سے بلک رہے ہیں۔ اگر انہیں غذائی امداد فراہم نہ کی گئی تو المناک المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میانمر کے سفیروں کو ملک بدر کریں اور میانمر کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے۔ اس موقع پر مولانا عبد المالک نعمانی اور مولانا ادریس نے جماعت اسلامی کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی اخلاقی اور مالی مدد فراہم کرنے پر ان سے تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی سیاسی اور مذہبی جماعت نے عملی طور پر روہنگیا باشندوں کی کوئی مدد نہیں کی۔