اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بہت موثر انداز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنا موقف پیش کیا ،بھارت پوری دنیا میں پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے سے بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ وہ خود دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے ،کلبھوشن یادیو اور احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ، بھارت خود اپنے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرواتا رہا ہے تاکہ وہاں موجود مسلمانوں اور پاکستان کو موردالزام ٹھہرایا جاسکے ، بھارت جس طرح مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے وہ روزروشن کی طرح عیاں ہے ، امریکا نے ہمارے نقطہ نظر کو سمجھا ہے ، افغانستان میں صورتحال پچھلے40سال سے پیچیدہ ہے جس سے غیر ریاستی عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں خطے میں خراب صورتحال کااثر صرف پاکستان پر نہیں بلکہ خطے کے دیگر تمام ممالک پر ہوگا پاکستان پر الزام تراشی کا مقصد کشمیر جیسے سلگتے مسئلے سے توجہ ہٹانا ہے بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا رہا ہے
علاقائی امن سے متعلق بھارت کا طرز عمل افسوس ناک ہے بھارت نے افغان سرزمین کو بھی اپنے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کیا ہے۔ وہ ہفتے کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ ہمارے بھارت اور افغانستان سے تعلقات کی نوعیت مختلف ہے ، افغانستان سے ہمارے تعلقات عوامی سطح پر ہیں اور روزانہ ہزاروں لوگ علاج معالجے اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے آتے ہیں ، ہمارے ملک میں 30لاکھ سے زائد افغان مہاجرین موجود ہیں جن کے مسلسل افغانستان میں تعلقات موجود ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہماری افغانستان کے ساتھ طویل بین الاقوامی سرحد بھی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے ، ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہندوستان کو اچھی نہیں لگ رہی اور وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان مشرقی سرحد پر توجہ دے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ افغانستان بارڈر پرہونے والے موجودہ اور اس سے پہلے ہونے والے واقعات ایک سوچھی سمجھی سازش کا نتیجہ ہیں ، بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی دنیا کی توجہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والے مظالم کی طرف سے ہٹانا ہے ،بھارت پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کروانے کا الزام لگاتا رہا ہے ۔2009میں 3 ہزار قبریں دریافت ہوئیں جن کو بھارتی فوج نے جعلی مقابلوں میں مارا تھا جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، اس معاملے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جو کہ ہمارا میڈیا صحیح انداز میں اجاگر نہیں کررہا ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ امریکاسے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مل کر کام کریں گے ، آگے چلیں گے اور مل کر بات چیت بھی کریں گے ۔