پرویزمشرف شیرہیں توپاکستان آکر مقابلہ کریں‘خورشید شاہ

140

سکھر(صباح نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اتنے شیر ہیں تو پاکستان آکر مقابلہ کریں، جنہیں موت اور جیل کا ڈر ہو وہ کبھی عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بے نظیر کے قتل سے متعلق آصف زرداری پر الزام لگانے پر سابق صدر پرویز مشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔خورشید شاہ نے کہا کہ مشرف 10سال خاموش تھے اب 30مار خان بن گئے ہیں۔پاکستان آئیں، آصف زرداری کی طرح جیل کاٹیں، تب پتا چلے گا کون شیر اور کون بکری ہے۔ بیرون ملک میں بیٹھ کر شیر نہیں بنتے۔پارلیمنٹ کو کمزور کرنے والا پاکستان سے سنجیدہ نہیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلوں کا بہت بڑا انبار نظر آتا ہے، ہرطرف سے کوئی نہ کوئی مسئلہ اٹھایا جارہا ہے، پارلیمنٹ اور اداروں میں ٹکرا ؤکی کوشش کی جارہی ہے، ملک کے حالات اچھے نہیں، اداروں کا ٹکرا ؤہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو فیصلے کرنے کا حق دیا جائے کیونکہ ملک میں خوشحالی تب ہوگی جب عوام فیصلہ کریں گے۔ ملک میں عوام کے حقوق کی سیاست کی جائے۔