مہدی عاکف کاجیل میں انتقال انسانیت کے لیے باعث شرم ہے‘ سراج الحق

177

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام 89سالہ مہدی عاکف کے جیل میں انتقال کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے انسانیت کے لیے باعث شرم قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر سیسی نے شہید کی نماز جنازہ کی اجازت نہ دے کر ظلم وجبرکی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نماز جنازہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حق ہے لیکن ہر ظالم وبزدل حکمران کی طرح مصری حکومت اللہ کے ایک ولی اور بزرگ رہنما کی میت سے بھی خوف زدہ ہے، رات کی تاریکی میں شہید کی بیوہ اور بیٹی ہی کو تدفین کی اجازت دی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مصری جیلوں میں 40 ہزار سے زائد بے گناہ معزز شہریوں کو صرف اس جرم کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق اور جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پوری مسلم دنیا اس وقت دوراہے پر کھڑی ہے۔ عالم اسلام کے خلاف ایک سے ایک سنگین سازش کی جارہی ہے۔



مسلم ممالک کو توڑ نے کے منصوبے سب کے سامنے ہیں لیکن کئی ظالم حکمران ان حالات میں بھی اپنے ہی بے گناہ شہریوں کو کچلنے اور بے گناہوں کا خون بہانے میں لگے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں ، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں۔دریں اثنا جامع مسجد منصورہ میں شہید قائد کی غائبانہ نماز جنازہ شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدا لمالک کی امامت میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبد الغفار عزیز نے کہا کہ ڈکٹیٹر سیسی اسلام دشمن قوتوں کے اشارے پر مصر میں اخوان المسلمون کو دبانے اور ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے لیکن اس کے ظالمانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور سیسی کو ناکامی و نامرادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی مصر میں آزادانہ انتخابات ہوں گے اخوان پہلے سے بڑی قوت بن کر سامنے آئیں گے ۔