دشمن بلوچستان میں حالات خراب کرنے کے درپے ہے‘ لیاقت بلوچ

126

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان میں امن واپس آرہاہے لیکن دشمن پھر سے حالات خراب کرنے کے درپے ہے ۔سوئٹرزلینڈ میں بلوچستان میں علیحدگی کا تاثر دینے کے لیے بینر، کتبوں کی نمائش کے پیچھے کلبھوشن کو آلہ کار بنانے والا بھارت ہے ۔ نریندر مودی پاکستان دشمنی کی ہر سرحد پار کر رہاہے ۔ ناراض بلوچ رہنمااور نوجوان راضی ہورہے ہیں ۔ سیاسی مذاکرات اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جعلی ڈومیسائل کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ وفاقی ملازمتوں میں کوٹہ کے مطابق اور 50 ہزار خالی آسامیوں پر بے روزگار بلوچ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری مستقبل کا اہم ترین معاشی ترقی کا منصوبہ ہے اور ترقی کا محور و مرکز بلوچستان ہے لہٰذا سی پیک کی ترقی کے ثمرات سے بلوچستان کے عوام کو پورا پورا حق ملناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مرحوم سیاسی رہنما خیر بخش مری کے بیٹے گزین مری کی پاکستان واپسی کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔ تمام ناراض بلوچ رہنما اور نوجوان پاکستان واپس آئیں اور حکومت ان کے لیے عام معافی کا اعلان کرے ۔