دہری شہریت کیس: ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ضمانت منظور

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماتحت عدالت نے 2 پاسپورٹ رکھنے کے الزام میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس کی ضمانت منظور کرلی۔ دہری شہریت رکھنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف درخواست کی سماعت پر نادیہ گبول عدالت میں پیش، فرح ناز اصفہانی کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ کراچی سٹی کورٹ میں ماتحت عدالت کے روبرو 2 پاسپورٹ رکھنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزم ناصر عباس کے وکیل نے کہا کہ کینیڈین خاتون سے شادی کے بعد کینیڈا کی شہریت کیلیے سندھ حکومت سے 1988ء میں اجازت لی تھی۔ اجازت کے باوجود کینیڈا کی شہریت نہیں لی۔ جھوٹے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمہ ختم اور ضمانت منظور کی جائے۔ ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے پاس 2 پاسپورٹ ہیں۔ ایک پاسپورٹ 1995ء جبکہ دوسرا 2015ء میں بنایا گیا۔ ملزم نے پاسپورٹ، کوائف میں خود کو تاجر ظاہر کیا ہے۔ ملزم نے دونوں پاسپورٹ پر غیر ملکی سفر بھی کیا ہے۔ ملزم دھوکا دہی میں ملوث پایا گیا ہے، درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔ علاوہ ازیں سیشن جج جنوبی کی عدالت میں دہری شہریت رکھنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ فرح ناز اصفہانی علاج کے لیے ملک سے باہر ہیں۔ حاضری سے استثنا دیا جائے۔ پراسیکیوٹر نے کہا ملزمان کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر کارروائی جاری ہے۔ دونوں کی دہری شہریت کیس میں بریت کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ عدالت نے فرح ناز اصفہانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔