وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ناصر جنجوعہ کی ملاقات‘اہم مور پر تبادلہ خیال

169

newsاسلام آباد( صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان سے قومی سلامتی کے مشیرلیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،نیشنل ایکشن پلان، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف ، آزاد کشمیرکی تعمیر و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی بے لوث اور مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔پاکستان نے ہر سطح پر کشمیریوں کی بہترین وکالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے ، پاکستان کی ترقی میں کشمیرکا کردار انتہائی اہم ہے ، وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان نے دنیا کے سب سے بڑے فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم نہیں کر سکتی ۔ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے معصوم شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔