اخوان المسلمون کو اسلام کے ساتھ وابستگی کی سزا دی جارہی ہے

221

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان، نائب اُمرا شیخ مسعود احمد، سید عزیر حامد، رضا احمد شاہ، رضوان احمد، ڈاکٹر کاشف شیخ، قاضی محمد جمیل، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاضی محمد ظہیر، مولانا عثمان آکاش، راجا ممتاز حسین، طارق رضا، بختیار الحق کیانی اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف کی جیل میں وفات پر دلی دُکھ اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مصر کے فرعون جدید جنرل السیسی نے محمد مہدی عاکف کی نماز جنازہ کی بھی اجازت نہیں دی۔ صرف ان کے گھرانے کے چند افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی۔ جلدی میں نماز جنازہ کرواکر ان کی میت کو سپر خاک کروا دیا گیا۔ مصر کی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔



انہوں نے کہا کہ اخوان المسلمون کے رہنماؤں اور کارکنوں کو اسلام کے ساتھ گہری وابستگی کی سزا دی جارہی ہے۔ امریکا اور یورپ کی شہ پر صدر مرسی کی منتخب آئینی اور جمہوری حکومت کا طاقت کے زور پر خاتمہ کرکے اخوان المسلون سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مردوں اور خواتین کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ نام نہاد عدالتوں نے صدر مرسی سمیت اخوان المسلمون کے مرکزی قائدین اور دیگر عہدیداروں اور کارکنان کو جھوٹے الزامات میں سزائے موت اور عمر قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اس ساری صورتحال پر مجرمانہ خاموشی کی مرتکب ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ محمد مہدی عاکف کی مغفرت فرمائے، ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اخوان المسلمون کے لوگوں کو اس آزمائش میں سرخرو فرمائے۔