***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

279

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں مختلف ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق قلات سے ملحقہ ضلع سوراب کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر تارکی کے مقام پر گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر دکی کے نواحی علاقے ہوسٹری میں پک اپ اور کار میں تصادم سے ایک بچہ جاں بحق اور دس افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ مستونگ میں تیز رفتار کار الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں لورالائی کے قریب چمالانگ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی الٹنے سے سات اہلکار زخمی ہوگئے۔* ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ملیر آگاہی مہم کے سلسلے میں پی ایل وائی سی کی جانب سے گوٹھ یوسی نمبر 2 چمبڑ میوو کرکلی میں ایک روزہ مہم کا انعقا د کیا گیا، جس میں ملیریا کے فوکل پرسن اور پی ایل وائی سی ٹنڈوالہٰیار کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ملیریا کے فوکل پرسن اور پی ایل وائی سی کے رہنماؤں نے آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری سمیت پاکستان میں بھی ملیریا کیخلاف لڑتے ہوئے اس کا علاج، روک تھام اور سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملیریا زیادہ تر بچوں میں پیدا ہوتا ہے۔ ملیریا گندے خون کے انتقال کے ذریعے بھی پھیلتا ہے۔ اسپتالوں میں استعمال شدہ سرنجیں استعمال کرنے اور گندا سامان استعمال کرنے سے بھی ملیریا کے جراثم ایک شخص سے دوسرے شخص کے خون میں منتقل ہوجاتے ہیں۔



ملیریا کے جراثیم مچھر کے کاٹنے سے مریض کے جگر میں جاکر پرورش پاتے ہیں اور مریض کو بخار ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔ پاکستان میں اس مرض کو ختم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔* ٹنڈوالہٰیار میں 45 سالہ شخص نے زہریلی دوا پی کر خود کشی کرلی۔ مٹھن شاہ پاڑے کے 45 سالہ رہائشی مصری میگھواڑ نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکر زہریلی دوا پی کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔* تلہار (نمائندہ جسارت) تھرپارکر کلوئی پریس کلب کو نذر آتش کرنے اور صحافی عرفان کھوسہ کے گھر پر حملے کے خلاف تلہار پریس کلب کے صحافیوں نے صدر محمد صدیق تھیبو، ظفر تھیبو، موھن لال کوھستانی، منجی لال، راشد خمیسو دلوانی، یعقوب لودھی کی قیادت میں بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی ریلی نکالی اور تلہار پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کلوئی پریس کلب کو نذرآتش کرنے والوں اور صحافی عرفان کھوسہ کے گھر پر حملہ کرنے والے صحافت دشمن شرپسند عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔* پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کے خلاف درجنوں پی پی کارکنان نے لاشاری ہاؤس سے نیاز لاشاری، مرزو خان دلوانی، امیر حیدر، خواجہ غلام حیدر جتوئی کی قیادت میں ریلی نکال کر تلہار پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سندھ میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔



انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول زرداری اور آصف علی زرداری ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ایک منظم سازش کے تحت مخالفین کی جانب سے پیپلزپارٹی کو بدنام کرنے کی ناکام سازش کی جا رہی ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ مخالفین کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ کراچی تا کشمور سندھ کے عوام بلاول زرداری اور آصف علی زرداری کے ساتھ ہیں۔* پشاور (آئی این پی) محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پشاور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق پشاورمیں محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا ہے، آپریشن کے دوران بیس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔* لنڈی کوتل (آئی این پی) جمرود کے علاقے غنڈی میں ٹریفک کا حادثہ سات زخمی ۔مقامی ذرائع کے مطابق جمرود کے علاقے غنڈی میشک خیل میں سوزکی کار نے بچی کو ٹکر مار کر زخمی کردیا جس کو بچانے کے لیے ڈرائیور نے کوشش کی تاہم گاڑی بھی الٹ گئی جس میں سوار چھ افراد بھی زخمی ہوگئے جن کو مقامی افراد نے جمرود سول اسپتال منتقل کردیے جہاں پر دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔* ٹانک (آئی این پی) ڈسٹرکٹ بار کے وکلا کو دھمکی آمیز ٹیلی فونز اور پیغامات موصول ہونے پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا کا غیر معینہ مدت تک عدالتوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ، اعلامیہ جاری۔



ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضلع ٹانک کا ڈسٹرکٹ بار صدر پیر عبدالغفار شاہ ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وکلا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بار کونسل کے وکلا کا کہنا تھا کہ وکلا کو دھمکی آمیز پیغامات اور جان سے مارنے پر پولیس کی خاموشی لمحہ فکر ہے جس کے باعث وکلا برادری نے غیر معینہ مدت تک عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کو دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ وکلا برادری کو تحفظ فراہم ہو بصور ت دیگر ملک گیر احتجاج سمیت لائحہ عمل طے کریں گے۔* سیالکوٹ (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ڈار نے کہا کہ سرحد پار دہشت گر دی کسی بھی طور قبول نہیں، لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر پور ی قوم غمزدہ ہے،سرحدوں کی حفا ظت میں پاکستان آرمی نے بے پنا ہ قربا نیاں دیں ہیں جنہیں کبھی فرامو ش نہیں کیا جا سکتا ۔ شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم پوری قو م کا بیٹا ہے ،ان کا خون رائیگا ں نہیں جا ئیگا۔قوم چیف آف آرمی سٹاف کے بیا ن پر سلام عقیدت پیش کرتی ہے کہ دشمن کی گولیاں کم ہو جا ئیں گی مگر ہمارے سینے کم نہیں ہو نگے۔ پاکستان نے دہشت گر دی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار قربا نیاں دیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دشمن مختلف سرحدوں سے جنگ کامحاذ کھو ل رہا ہے، پچھلے ستر سال سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کر کے نہتے لوگوں کو شہید کرچکا ہے ۔بھارت کی حالیہ شیلنگ سے متعدد افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ دشمن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، پاکستانی عوام پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور ہر طرح کا جوا ب دینے کی صلا حیت رکھتے ہیں۔