بھارتی مفاد پاک افغان تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوگا‘ افغان قونصل جنرل

151

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے قونصلر جنرل عبدالواحد پوہان نے افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مفادات کے پاک افغان تعلقات میں اثر انداز ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات خود وضع کرنا افغانستان کا حق قرار دیا۔ پشاور میں افغان کلچرل ڈے کے
حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالواحد پوہان نے کہا کہ افغانستان کو بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا حق ہے۔افغان قونصلر جنرل نے کہا کہ جب بھی پاک افغان تعلقات کی بات زیربحث ہوتی ہے تو ہر کوئی بھارت پر الزام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ہمسائے میں تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک بھی ہیں لیکن پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارا گہرا پیار اورتعلقات دہائیوں سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کی آزاد سفارتی پالیسیاں ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات ان کے باہمی برادرانہ رشتے پر اثر انداز نہیں ہوتے۔عبدالواحد پوہان نے کہا کہ پاک افغان تعلقات دیگر ممالک سے زیادہ مضبوط ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہی تعلقات مستقبل میں مزید بہتر ہوں گے۔افغان قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے عوام کو تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔