افغانستان سے راجگال چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا افسر شہید

205

راولپنڈی،اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی) افغانستان سیخیبر ایجنسی میں راجگال چیک پوسٹ پر فائرنگ،پاک فوج کا افسر شہید،وزیراعظم کا لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر اظہارافسوس،شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق وادی راجگال میں آپریشن کے بعد نئی چیک پوسٹ قائم کی گئی تھی جہاں پر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم پوسٹ کو کمانڈ کر رہے تھے لیکن جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سرحد پار سے دہشت گردوں نے اچانک
پوسٹ پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 22 سالہ ارسلان عالم موقع پر شہیدہو گئے۔واضح رہے کہ ارسلان عالم3 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے اور حال ہی میں ان کی پوسٹنگ راجگال پوسٹ پر ہوئی تھی ۔علاوہ ازیں شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی‘ جس میں گورنر کے پی کے ‘ کور کمانڈر پشاور‘ اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ شہید ارسلان عالم کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے کوٹلی ستیاں پہنچایا جارہا ہے ۔ارسلان عالم کی تدفین پورے اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر افسوس کا اظہارکا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بطور خودمختار قوم ہماری بقا کا معاملہ ہے، پاک سرزمین سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بھرپور ہمت و حوصلے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے شہید فوجی افسرکے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت جبکہ لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعاکی۔