حیدر آباد/ جامشورو (نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے انتخابی اصلاحات بل پر سوال کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے جواب نہیں دے سکتے‘پرویزمشرف بینظیر بھٹو کا قاتل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو جامشورو میں میانمر مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف بے نظیر بھٹو کا قاتل ہے‘ بے نظیر بھٹو
نے مختلف خطوط میں مشرف کے بارے میں لکھا‘ پرویز مشرف اگر دلیر ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں‘ پارلیمان سب سے کمزور ترین ادارہ ہے‘ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ جیسے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لیے بیرونی طاقتوں کی ایما پر بہت کشت و خون ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں‘ کچھ ممالک کو استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘ بھارت کے پولیس مین کا کردار اس خطے میں کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا‘ بدقسمتی سے پاکستان کو ٹرمپ جیسا پاگل آدمی کٹہرے میں کھڑا کرتا ہے تو کوئی مسلم ملک پاکستان کے لیے ڈھال نہیں بنتا۔ انہوں نے میانمرمسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور او آئی سی پر تنقید کی اور واضح کیا کہ میانمر فلسطین اور کشمیر کے مسئلے سے مختلف نہیں ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر خوراک اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ بینظیر قتل کیس میں متعلقہ ادارے انٹرپول کے ذریعے مشرف کو ملک میں لائیں اور اسے کٹہرے میں کھڑا کریں‘پرویز مشرف اس قوم، آئین اور جمہوریت کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت کا اور پھر اس نظام کا قتل کیا‘ بینظیر بھٹوکا قتل بھی اسی کے دور حکومت میں ہوا ۔