اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی،جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات کے حوالے سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جو تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور قانونی
معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ حکومت ملک کو نقصان اور ایک خاندان کو فائدہ پہنچا رہی ہے جبکہ ہم پاکستان کا عالمی وقار بحال کریں گے۔دونوں رہنماوں کی ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات کے حوالے سے عمران خان کو بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور عمران خان کی جانب سے بابراعوان کو 25 ستمبر کو شوکاز کا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔