وزیر خارجہ کیخلاف منی لانڈرنگ اور اقامے کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل

165

اسلام آباد ( آن لائن )چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ اور اقامے کے حو الے سے دائر درخواست پر3 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا،سماعت26 ستمبر کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انور خان کاسی نے
جسٹس عامر فاروق پرمشتمل سنگل رکنی بینچ کی جانب سے لارجر بینچ بنائے جانے کے حوالے سے بھیجی گئی سفارش پر جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے جو 26ستمبر سے درخواست کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر سنگل رکنی بینچ نے گزشتہ سماعت پر درخواست میں الیکشن لا اور آئینی نکتے اٹھائے جانے پر معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو واپس بھجوادیا تھا اور لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔