نااہل شخص قوانین میں ترمیم کے باوجد بھی سربراہ نہیں بن سکتا ،آصف زرداری

215

چنیوٹ( آن لائن )سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نااہل شخص جتنی مرضی قوانین میں ترمیم کرلے مگر اب کسی بھی صورت ملک کا یا پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ نواز شریف کا لندن پلان اب ان کی ڈوبتی ہوئی سیاسی کشتی کو نہیں بچا سکے گا۔ ثابت ہوگیا نواز شریف عوامی نہیں بلکہ درباری وزیر اعظم تھے،بے نظیر بھٹو کے قاتل اب بچنے کے لیے الزام تراشی سے کام لے کر جان چھڑوانا چاہتے ہیں مگر سب جانتے ہیں کہ مرتضیٰ بھٹو اور محترمہ بی بی کو کس
نے قتل کروایا۔

\پیپلز پارٹی کے مقامی وفد سے ملاقات کے دوران آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ وزیر خزانہ سمیت سب کے محلوں پرلگائے گئے نوٹس اس بات کی واضح نشاندہی ہیں کہ ملک کی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ شریف خاندان کی اب مکمل حقیقت سب پر عیاں ہو چکی ہے۔ عدالتی اور نیب کے سمن ان کا مقدر بن جائیں گے۔ این ائے 120میں الیکشن کے نام پر فراڈ کیا گیا اور ہم اس سیاسی فراڈ کو نہیں مانتے ۔ان کا کہنا تھا کہ مشرف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔ پاکستانی تھا ہوں اور رہوں گا اور ہر ظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی جرات رکھتا ہوں ۔ پیپلز پارٹی چوروں ڈاکوؤں اور ملکی سلامتی کو خطرہ پہنچانے والوں کے ساتھ اتحاد کا سوچ بھی نہیں سکتی۔اب ہمارے اور لیگی لٹیروں کے راستے جدا جدا ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ کی جگہ گالی پڑے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب اور دیگر ادارے حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے شریفوں کی حقیقت اور کرپشن کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری اور دیگر دوست نیک نیتی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ سیاسی میدان میں اترے ہیں۔ پنجاب کل بھی ہمارا تھا آج بھی ہمارا ہے۔ کنگ خان سیاسی بیروز گار ہیں اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا ان کے لیے عائشہ گلالئی ہی کافی ہیں۔