جنیوا(صباح نیوز)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ بھارت نے 21ستمبر کو جنیوا میں ہونے والے بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڑ کے حوالے سے اقوام متحدہ کے جائزہ اجلاس میں کی گئی سفارشات پر عمل نہیں کیا۔ بھارتی سرکار کی جانب سے اپنی فورسز کی جواب دہی، سزائے موت کی معطلی سمیت اندرون ملک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام سے متعلق سفارشات کو تسلیم نہیں کیاگیا۔
اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ہیومن رائٹس واچ جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹرمیناکشی گنگولی
نے کہا کہ بھارت نے اظہار ررائے کی آزادی کے حق پر حملوں اور اقلیتوں کو دھمکیوں کو رد کر دیا۔ 4مئی کو ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں 112ملکوں نے کل 250سفارشات پیش کی تھیں جبکہ بھارتی حکومت نے 21ستمبر کو ان میں سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، غربت کم کرنے ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، حفظان صحت کے حوالے سے اقدامات اور بچوں اور خواتین کے تحفظ کو مضبوط بنانے سمیت صرف 152سفارشات منظور کیں۔