نیشنل بینک بنگلا دیش برانچ کرپشن کیس: سابق صدر ریمانڈ پر جیل منتقل

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے نیشنل بینک بنگلادیش برانچ میں 18 ارب روپے کی خورد برد میں سابق صدر ملزم سید علی رضا سمیت دیگر ملزمان کو 4 اکتوبر تک کے لیے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ بی کلاس کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیے گئے۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو نیشنل بینک بنگلادیش برانچ میں 18 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب نے سابق صدر نیشنل بینک سید علی رضا سمیت 5 ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے نیب حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ علی رضا اور دیگر ملزمان نے جیل
میں بی کلاس کی سہولت مانگ لی۔ ملزم سید علی رضا کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل دل کے مریض ہیں انہیں میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب ملزم کو حراست میں لے کر میڈیکل کراتا ہے۔ عدالت نے جیل میں بی کلاس کی درخواست پر پراسیکیوٹر نیب سے جواب طلب کر لیا۔ ملزمان میں جنرل منیجر بنگلادیش برانچ وسیم خان، ریجنل چیف زبیر، عمران بٹ ریجنل چیف اور طاہر یعقوب شامل ہیں۔ نیب کے مطابق علی رضا بینک کے صدر، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر، چیئرمین آڈٹ کمیٹی اور چیئرمین ایچ آر بھی تھے۔