حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوئی کوشش نہیں کی ‘ مشتاق خان

703
بونیر،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خانPK77 میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پشتونوں کے حقوق کی بات کرنے والوں کے دور حکومت میں سب سے زیادہ پشتون ہجرت پر مجبور ہوئے، اے این پی امریکن نیشنل پارٹی بن گئی ہے۔ پشتونوں کو رنجیت سنگھ نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا، جتنا اے این پی نے پانچ سالہ حکومت میں پہنچایا۔ حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوئی کوشش نہیں کی، امریکی وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ مردہ قوم کی بہادر بیٹی ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ عافیہ کی قوم مردہ نہیں، اس کے حکمران مردہ ہیں۔ میاں صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ سو دن میں عافیہ کو رہائی دلائیں گے لیکن حکومت ملتے ہی اپنے وعدے کو بھول گئے۔ سائیکل اور موٹر سائیکل کی چوری کا تو سنا تھا لیکن ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی آئی اے کا پورا جہاز چوری ہوگیا لیکن حکومت نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا نا ہی اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پی آئی اے، ریلوے، واپڈا، اسٹیل مل اور پاکستان کا مستقبل تباہ کردیا لیکن ان کے پیٹ نہیں بھرتے۔ روہنگیا میں ظلم و ستم جاری ہے، پاکستان کے حکمران اسلام آباد میں برمی سفارتخانے کی بندش اور برمی سفیر کو واپس بھیجنے سے کوتاہی برت رہی ہے۔ یہ حکمران رسول اللہﷺ کی امت کے ساتھ نہیں بلکہ برما کی ظالم حکومت کے ساتھ ہیں۔



ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ برمی سفیر کو فی الفور واپس بھیجا جائے۔ حکمران اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں، ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی گئی تو پاکستان قرض لینے والا نہیں بلکہ دینے والا ملک بن جائے گا۔ جماعت اسلامی قرآن اور نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے، ہماری سیاست اسلام اور خلافت راشدہ کے نظام کے قیام کے لیے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی کے 77 بونیر کے زیر اہتمام جنگدرہ خوڑ طوطالئی میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ عام میں راج ولی خان نے اپنے خاندان اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ مشتاق احمد خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کہتے ہیں کہ برما کی فکر چھوڑ دیں، اپنے گھر کی فکر کریں لیکن ان کی حکومت میں پشتونوں نے بڑی تعداد میں اپنے علاقوں سے ہجرت کی اور انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ پشتونوں کو رنجیت سنگھ سے زیادہ نقصان پشتونوں کے حقوق کی بات کرنے والوں نے پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر کے بینکوں میں منتقل کیا ہے۔ ہم نے عدالت عظمیٰ میں رٹ دائر کی اور ایک چور کو عہدے سے ہٹا دیا، اب باقی چوروں اور لٹیروں کی باری ہے۔ آخری چور کو سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عدالت عظمیٰ کرپشن میں ملوث باقی افراد کو بھی سزا دے۔