***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

221

دیر بالا(آئی این پی )دیربالا کے علاقے ڈوگدرہ میں مکان میں جنریٹرکے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس کی زد میں آکربچے سمیت 6 لڑکیاں جھلس کرجاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں 15 سالہ مریم، 13 سالہ نسرین،14 سالہ وریشہ، 16 سالہ تسلیم ،15 سالہ ثمینہ اور 3سالہ مدثر شامل ہے۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق آگ کمرے میں جنریٹر کے شارٹ سرکٹ کے باعث گھاس پھوس کے ڈھیرمیں لگی، فائربریگیڈ کی رسد نہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے 3 گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا جب کہ مکان جل کر راکھ ہوگیا
**رحیم یارخان اور اسکے نواحی علاقوں میں دن دیہاڑے دوخواتین کو کمسن بیٹی سمیت اغواء کرلیا گیا،پولیس نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ اغوء کی پہلی واردات چک 135پی کے رہائشی محمد انور کے گھر ہوئی جہاں تین ملزمان جعفر ،انور وغیرہ اسکی بیوی رخسانہ کو کمسن بیٹی سمیت اغواء کرکے فرار ہوگئے جب کہ دوسری واردات موضع نیل گڑھ کے رہائشی محمد اسماعیل کے گھر پر ہوئی جہاں پانچ ملزمان اسکی بیوی شمیم مائی کو اغواء کرکے فرار ہوگئے پولیس نے الگ الگ مقدمات درج رکے کاروائی شروع کردی
** کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پرکار اورٹرالر میں تصادم سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پرکارپشین سے کراچی جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث ٹرالرسے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 2 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیواہلکارفوری طورپرجائے وقوعہ پہنچے اورزخمیوں اور لاشوں کو بی ایم سی منتقل کردیا گیا جہاں زخمی 2 خواتیں کی حالت تشویش ناک ہے



**ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا‘ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اقبال عرف بالی شامل ہے جو کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ اتوار کو ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اقبال عرف بالی بھی شامل ہے جس کے سر کی قیمت تیس لاکھ روپے مقرر تھی۔ اقبال عرف بالی پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا
** فیصل آباد کے ساحل ہسپتال کے ڈاکٹر سلطان کی مبینہ غفلت سے مریضہ کی آنکھ ضائع‘بائیں کے بجائے دائیں آنکھ کا آپریشن کر دیا‘ہسپتال کے عملہ اور ڈاکٹرز کا لواحقین سے بات کرنے سے انکار‘ قانونی کارروائی کیلیے رجوع کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے چک 544گ ب سے تعلق رکھنے والی مریضہ شمیم بی بی اپنی بائیں آنکھ میں تکلیف کے باعث ساحل ہسپتال میں چیک اپ کے لیے گئیں جہاں ڈاکٹر سلطان نے معائنہ کے بعد اگلے روز آنے کیلیے کہا۔ اگلے روز دوبارہ چیک اپ کے بعد مریضہ کی آنکھ کا آپریشن تجویز کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے مریضہ کی بائیں کے بجائے دائیں آنکھ کا آپریشن کر دیا جس سے وجہ سے آنکھ سے بینائی بالکل ختم ہوگئی اور آنکھ ضائع ہوگئی۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نہ غلطی ماننے کو تیار ہے‘ نہ بات سننے پر آمادہ اور نہ واقعہ کی تفصیل بتانے پر رضامند ہے۔ مریضہ کے لواحقین نے وزیراعظم پنجاب‘ وزیر صحت اور دیگر اعلیٰ سے واقعہ کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کی اپیل کی ہے



** اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں پولیس اور رینجرز نے آپریشن کرتے ہوئے پانچ مشکوک افراد کو زیر حراست لے لیا۔ اتوار کو پولیس اور رینجرز نے آبپارہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران پانچ مشکوک افراد کو زیر حراست لے لیا گیا
** وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے‘ ریلیف کیمپس میں لوگوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ جمعہ کو ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت ، قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے بھارتی فائرنگ سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے ریلیف کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں لوگوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے



**رینجرز نے اٹک کے علاقے ماری گاؤں میں آپریشن کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا،ملزمان کے قبضے سے پستول،بارہ بور رائفل ،222بندوق اور 22بور رائفل برآمد کرلی گئی ۔جمعہ کورینجرز نے اٹک کے علاقے مار ی گاؤں میں آپریشن کرکے چار مشکوک افرادکوگرفتارکرلیا۔گرفتار ملزمان سے پستول،بارہ بوررائفل ،222بندوق اور 22بوررائفل برآمد کرلی،ملزمان سے مزیدتفتیش کیلیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا
**پولیس کنٹرول 15پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا،مقدمہ درج ۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن کے رہائشی تیمور احمد نے پولیس کنٹرول 15پر اطلاع دی کہ نامعلوم ملزمان نے اسکے ساتھ ڈکیتی کی واردات کی ہے،اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع واردات پر پہنچ گئی پڑتال کے بعد معلوم ہوا کہ تیمور احمد کی جانب سے پولیس کنٹرول پر ڈکیتی کی واردات کی اطلاع بوگس ہے جس پر پولیس نے اطلاع دینے والے تیمور احمد کوموقع پر ہی گرفتار کرکے اسکے کیخلاف 25/Dٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔