لاہور (نیوزرپورٹر)علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ پر ائر بلیو کی حج پرواز 4782 (60) حاجیوں کا سامان سعودی عرب ائر پورٹ پر چھوڑ آئی۔ سعودی عرب سے لاہور پہنچنے والے حاجیوں کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ ائر بلیو کی پرواز 60 حاجیوں کا سامان جس میں آب زم زم اور تحائف ہیں کو سعودی عرب ہی چھوڑ آئی۔ ائر پورٹ پر گزشتہ روز تمام حاجیوں نے ائر بلیو عملے کے خلاف احتجاج بھی کیا اور انتظامیہ سے تلخ کلامی سے پیش آئے۔ حجاج کرام نے اس موقع پر آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان میں اہل خانہ کے لیے تحائف اور تبرکات ہیں جو ائر بلیو انتظامیہ کی غفلت کے باعث نہ آسکا۔ حاجیوں کا کہنا تھا کہ متعدد حجاج کرام کا تعلق دوسرے شہروں سے ہے جس پر ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ائر بلیو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوسری فلائٹس سے 60 حاجیوں کا سامان منگوا لیا جائے گا اور حجاج کرام کے حوالے کر دیا جائے گا۔