119

لاہور(نیوزرپورٹر ) پنجاب بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر شہر میں مکمل فعال ہو چکی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر میں اتوار بازاروں کی چیکنگ کی گئی اور مجموعی طور پر 48 من (تقریبا 2 ہزار کلو) ناقص پھل، سبزیاں، اور دیگر اشیاء خوردونوش تلف کی گئیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے عائد کردہ پابندی کے باوجود مختلف شہروں کے اتوار بازاروں میں بچوں میں آنتوں کے کینسر کا سبب بننے والے رنگین پاپڑ کی موجودگی بھی پائی گئی۔رنگین پاپڑ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1300 بڑے پیکٹ تلف کیے گئے اور اسٹالز مالکان، انتظامیہ کو سخت وارننگز جاری کی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے اتوار بازاروں کی مکمل معائنہ رپورٹ متعلقہ انتظامیہ کو بھیجنے کی ہدایات جاری کیں اور فوڈا تھارٹی ٹیموں کومعیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔لاہور میں وحدت کالونی، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ سمیت دیگر تمام اتوار بازاروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، قصور، ننکانہ، شیخوپورہ ،سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور دیگر شہروں میں موجود اتوار بازاروں کی چیکنگ کی گئی۔