ایرانی میزائل تجربے نے معاہدہ ختم کردیا ،ٹرمپ امریکی جنگی جہازوں کی شمالی کوریا کے قریب پروازیں 

377

واشنگٹن/نیویارک (خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے نئے بیلسٹک میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تجربے کے بعد ایران اور عالمی طاقتوں میں معاہدہ عملاً ختم ہو گیا ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق امریکی صدر نے اپنی تازہ ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ایران کا بیلسٹک میزائل تجربہ اس امرکا واضح ثبوت ہے کہ ایران اس معاہدے کی پابندی میں سنجیدہ نہیں جو ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پایا تھا، نئے میزائل تجربے نے جوہری سمجھوتے کے حوالے سے ایران کے مشکوک کردار کو بھی بڑھا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایران نے ایک ایسے میزائل کا تجربہ کیا ہے جو اسرائیل تک مار کر سکتا ہے،شمالی کوریا اور ایران میزائلوں کی تیاری اور تجربات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں امریکی بمبار طیاروں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی طیاروں کی پروازوں کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ امریکا کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔



پینٹاگون
کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مختلف فوجی آپشن موجود ہیں جب کہ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اپنے اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں، وہ طاقت کے نشے میں اور خودکش مشن پر ہیں، امریکا کی وجہ سے ہی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو بہت جلد حتمی شکل دینے والا ہے۔ ری یونگ نے کہا کہ جو ممالک امریکا کے ساتھ نہیں ہیں انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، شمالی کوریا ان ممالک کو کوئی نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا ہائیڈروجن بم سمیت جوہری ہتھیاروں کے اہداف تقریبا حاصل کرچکا ہے ، امریکا اور اس کے شراکت داروں کو شمالی کوریا کو دھمکانے سے قبل 2 بار سوچنا چاہیے۔شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کوایک گینگ ہیڈکوارٹر میں بدل رہے ہیں، انہوں نے وائٹ ہاوس کو ایک شور سے بھرپورمارکیٹ بنادیا ہے۔