اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے معتبر حلقوں میں نواز شریف کی وطن واپسی پر مختلف چہ میگوئیاں جاری ہیں اور دیگر جماعتیں بھی نواز شریف کی خلاف توقع واپسی پر ششدر رہ گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف3 روز قبل پنجاب ہاؤس میں چودھری نثار سے ملاقات کے
بعد ایک خاص ایجنڈے کے تحت لندن روانہ ہوئے تھے لیکن شہباز شریف اس وقت حیران رہ گئے جب ان کے بڑے بھائی نے ان کی رائے کے برعکس(آج) پیر کی صبح پی کے 786 میں وطن واپسی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
ذرائع یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف نہ صرف رابطے میں ہیں بلکہ میاں نواز شریف کو وطن واپسی کا مشورہ بھی آصف علی زرداری نے ہی دیا ہے تاکہ تحریک انصاف کے آگے بڑھتے ہوئے قدم روکے جاسکیں۔ ذرائع کے مطابق میاں شریف کی وطن واپسی سے متعلق فیصلے کی خبر مشاہد اللہ خان نے جاری کی جو نواز شریف کے انتہائی قابل اعتماد ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔