نیویارک(صباح نیوز)ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل سلیل سیٹھی نے
وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی اور ان سے میانمر میں روہنگیا عوام کی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد طلب کی۔ وزیر خارجہ نے خواجہ آصف نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کو روہنگیا عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور تعمیری رابطے سمیت پاکستان کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے صورتحال کے بنیادی اسباب کو ختم کرنے اوران پر قابو پانے کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ چندممالک کی جانب سے صورتحال کا فائدہ اٹھانے اور دہشت گردی کی آڑ میں صورتحال کو ہائی جیک کرنا قابل افسوس اور بدقسمتی ہے
>۔انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یہاں آذربائیجان،سینٹ کیٹس اینڈ نیوس کے وزراء خارجہ نے بھی ملاقاتیں کیں۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان آذربائیجان کے تعلقات کو مضبوط کرنے کی باہمی کوششوں سمیت باہمی تعلقات سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔سینٹ کیٹس اینڈ نیوس کے وزیر خارجہ مارک انتھونی برانٹ لی سے ملاقات میں دونوں فریقین نے مزید اعلیٰ سطح کے رابطے اورعوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔