نوازشریف اور ڈار احٹساب عدالت میں پیش ہوں گے 

324

لندن/اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘احتساب عدالت میں پیشی کے لیے دونوں لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔قومی احتساب بیورو نے نواز شریف اور ان کے بچوں حسن اور حسین نواز کوکل 26 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے ہونے سے متعلق ریفرنس کی سماعت آج اسلام آباد احتساب عدالت کے جج محمد بشیرخان کریں گے۔سابق وزیر اعظم کے بیٹے حسین نواز کے بقول ان کے والد 26 تاریخ کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اتوار کو لندن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔بتایا گیا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔



ذرائع کے مطابق وطن واپسی کے بعد نواز شریف پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی بلائیں گے۔سینیٹر مشاہد اللہ کے مطابق نواز شریف اسلام آباد میں چند روز قیام کریں گے اور ان کی مصروفیات سے متعلق
بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی پاکستان روانگی سے قبل لندن میں مسلم لیگ ن کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں نوازشریف، شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں ہونے والی ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی،ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے نواز شریف کو پاکستان میں ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران شریف فیملی کو عدالتی معاملات پر بریفنگ بھی دی گئی۔علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اتوار کو لندن میں میں واقع اپنے گھر سے ائر پورٹ روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ احتساب سے گھبرانے والے نہیں،احتساب عدالت میں پیش ہو کر صفائی پیش کریں گے، تمام سوالوں کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قسم کا احتساب ہو رہا ہے کہ فیصلہ دینے والے جج نگران بھی خود ہی بن گئے ،بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر کیوں ہوئی؟نااہلی بھی پاناما پر آنی چاہیے تھی۔