اسلام آباد/راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون شہری کی شہادت پر بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے سیزفائر خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا اور نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کی
جانے والی بلااشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں خاتون شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور 2افراد زخمی ہوئے، بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جبکہ بھارت 2003 ء کے فائربندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے،
پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نکیال سیکٹر میں شہری آبادی پر چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گنوں سے فائرنگ کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے 22سالہ خاتون تاشیباولدمحمداقبال شہید ہوئی ہے جو بالاکوٹ گاؤں کی رہائشی تھی، جبکہ 18سال کی عنیقہ اقبال ولد محمد اقبال اور16سالہ محمد لیاقت شدید زخمی ہوئے ہیں۔