نواز شریف وطن آکر کئی لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے، ایاز صادق

212

لاہور(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس آرہے ہیں اور وطن واپسی پر وہ بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف ہی ہیں اور ان کے بعد لیڈر شہباز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن وہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے،ان کے منہ سے بار بار وزیراعظم نواز شریف نکلتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین
میں عبوری حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا کوئی سیاسی جماعت اسے تسلیم نہیں کرے گی جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کارکردگی بھی بہت اچھی ہے۔



اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے آصف زرداری پر بے نظیر بھٹو کے قتل کے الزام پر کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو زرداری کے ذمے دار ہونے کا علم تھا تو انہوں نے پہلے انکشاف کیوں نہیں کیا۔مسلم لیگ کے رہنما چودھر ی نثار سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ جس دن عدالت کا فیصلہ آیا تو چود ھر ی نثار نواز شریف کے ساتھ موجود تھے اور انہوں نے مجھے کہا کہ پارٹی بھی مسلم لیگ (ن( اور قائد بھی نوازشریف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قائد تو جماعت کے نواز شریف ہی ہیں، لیڈر ہمارا ایک ہی ہے، لیڈرشپ ابھی تک نواز شریف کے پاس ہی ہے، ان کے بعد شہباز شریف لیڈر ہیں، یہ لیڈرشپ ہی فیصلہ کرے گی کہ قیادت اب کس کو دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کیس عدالت میں ہے، چند روز میں پتا چل جائے گا کیا فیصلہ ہوتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ مائنس ون اور مائنس ٹو کی باتیں توازن رکھنے کے لیے کی جاتی ہیں، اسحاق ڈار واپس آئیں گے،بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھرے گا۔