عمران خان نے قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ 

399

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موجودہ حکومت کو خارجہ داخلہ اور معیشت اوردیگر محاذوں پر ناکام قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قبل از وقت انتخابات کے اعلان کا مطالبہ کردیا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ نوازشریف کو وزیراعظم قرار دے کر عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ ہمیں خدشہ ہے کہ نااہل وزیراعظم نوازشریف اور
ان کے خاندان کو نیب مقدمات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ذریعے تحفظ دلانے کی کوشش کی جائے گی ۔وفاقی دارالحکومت میں داعش کے جھنڈے لگنے کاذمے دار کون ہے؟موجودہ حکومت فوج کو گندا کرنے کوشش کررہی ہے، سینیٹر اسحاق ڈار جیسے ہی وطن واپس آئیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا جائے ۔ نیو دہلی کی بولی بولتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال نے ہاؤس ان آرڈر کے بیانات دیے ہیں ۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت شدید بحران سے دوچار ہوچکی ہے ۔ ملکی و غیر ملکی قرضے غیر معمولی طور پر بڑھ چکے ہیں خارجہ پالیسی کا پتا نہیں ہے امریکا کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کے خلاف کوئی بولنے والا نہیں ہے اور جب یہ الزامات عائد کیے گئے اس وقت وزیراعظم کو پاناما کی پڑی ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤس ان آرڈر کرنے کے بارے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا فنانشل ٹائمز کو دیا گیا بیان انتہائی حساس معاملہ ہے ۔ وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ نے بھی یہی بیان دیا یہ نیو دہلی کی بولی بول رہے ہیں اور یہی کچھ ڈان لیکس میں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیانات ان الزامات کا تسلسل ہیں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اس بیان نے پاکستان کو خطرے میں ڈال دیا ہے یہ کابینہ میں کیا کرتے رہے ان کو کس نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے روکا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں داعش کے جھنڈے لگ گئے ہیں کون اس کا ذمے دار ہے۔ باہر سے بھی پاکستان کو بدنام کیا جارہا ہے اور موجودہ حکمران بھی اپنی فوج کو گندا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود ایل این جی کیس اسیکنڈل میں جواب دہ ہیں ‘ اربوں ڈالر کے اس معاہدے کو پارلیمنٹ میں بار بار طلبی کے باوجود منظر عام پر کیوں نہیں لایا جاتا۔