اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان نے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اپنے تمام ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی کی سرپرستی کے ذریعے جنوبی ایشیاء کے خطے میں ’’دہشت گردی کی ماں‘‘ کا مقام حاصل کرچکا ہے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھارتی وزیرمملکت برائے خارجہ امورسشماسوراج کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران پاکستان
کے خلاف عائد کردہ الزامات کے جواب میں کہی ہے۔
انہوں نے بھارتی الزامات کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہوئے اسے بہتان تراشی قرار دیا۔ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہاکہ سشما سوراج کے تبصرہ سے پاکستان کے حوالے سے بھارتی قیادت کی مخاصمت کا بخوبی اندازہ ہورہاہے، ایک ایسی مخاصمت جس کوہم گزشتہ 70برسوں سے برداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، جموں وکشمیر پر بھارت کا قبضہ غیرقانونی ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے بھارت کومجبورکرنے کے ضمن میں خصوصی ایلچی کی تعیناتی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیارہے تاہم اس کے لیے بھارت کو تخریب اوربربادی کی مہم کا خاتمہ یقینی بناناہوگا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے تمام پڑوسی ممالک کے خلاف دہشت گردی اورجارحیت کا سلسلہ شروع کیاہے،بھارت دہشت گردگروپ بنارہاہے۔ پاکستان کے مختلف حصوں میں تخریب کاری اوردہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے،جس کا واضح ثبوت کلبھوشن یادیو ہے جو دہشت گردی کے متعدد واقعات کا اعتراف کرچکا ہے۔ملیحہ لودھی نے مزید کہاکہ بھارت جنوبی ایشیا میں اپنے پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کی’’ماں‘‘بن چکا ہے یہی وجہ ہے خود اس ملک میںآزادی اوربغاوت کی 17تحریکیں چل رہی ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہاہے ، کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔