اسلام آباد (آن لائن) وزارت توانائی نے عالمی ثالثی عدالت میں آئی پی پیز سے قانونی جنگ ہارنے کے بعد اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت دیگر قانونی ماہرین سے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے‘ آئی پی پیز کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے سمیت قانونی جنگ لڑنے کے تمام آپشنز کو سامنے رکھا جائے گا‘ پاکستان میں9 آئی پی پیز نے بین الاقوامی ثالثی عدالت
لندن میں وزارت سے11ارب روپے کا کلیم کیا تھا جس میں وزارت کا مؤقف تھا کہ ان 9 کمپنیوں نے جو پہلے ڈیمانڈ کی ہیں ان کی اتنی کپسٹی ہی نہیں ہے
لہٰذا ان کے یہ پیسے غیر قانونی ہیں اور حکومت ان کو یہ رقم ادا نہیں کرسکتی جس کے بعد ان کمپنیوں نے عالمی عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جس نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا اور حکم دیا کہ حکومت پاکستان ان آئی پی پیز کو11ارب روپے کی رقم ادا کرے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان 9 آئی پی پیز میں زیادہ تر کمپنیوں کے مالک حکمران جماعت کے تعلق رکھتے ہیں جس کی وجہ سے حکومت نے کیس میں انتہائی کمزور دلائل بیان کیے ہیں۔