وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسینہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے

278

شیخوپورہ (آن لائن) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے‘ مودی حکومت نے ہو ش کے ناخن نہ لیے تو بھارت کا وہ حال کریں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی‘ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی معنی خیز ہے‘ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے‘ ن لیگ میں دھڑے بندی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہجب بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا جاتا ہے بھارت ورکنگ باؤنڈری پر بزدلانہ کارروائیاں کر کے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے شہریو ں کو
بھارتی افواج نشانہ بناتی ہے‘ معصوم کشمیریو ں پر بھار ت ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے



ایسے میں اقوام عالم کی خاموشی معنی خیز ہے‘ بھارت جس زبان اور جس لہجے میں بات کرے گا اسے ویسا ہی جواب ملے گا‘ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور جنگی جنون خطے میں قیام امن کی راہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘ ہماری غیور مسلح افواج بھارت کو دندان شکن جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے‘ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھے گا‘ کشمیریوں کی جدوجہد جلدرنگ لائے گی اور کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ہو گا‘پاک فوج، سیکورٹی فورسز اور عوام نے مل کر دہشت گردوں کو شکست دی‘ اس جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ‘اس کے باوجود پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے پر عزم ہے‘ دہشت گردی کے خلاف سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی کوئی دھڑے بندی نہیں‘ ہماری جماعت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور جمہوریت کی علمبردار ہے۔