امریکا کی ڈو مور پالیسی مزید نہیں چلے گی‘ اکرم درانی

681

بنوں ( صباح نیوز) وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ امریکا کی ڈو مور پالیسی مزید نہیں چلے گی‘ انتقامی سیاست کے قائل نہیں‘ قوم کے حقوق غصب کرنے والوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں شمولیتی جلسے اور استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے مزید کہا کہ بنوں کی ترقی پر سمجھوتا نہیں کریں گے‘ عام انتخابات سے قبل ہی نام نہاد سیاستدانوں سے عوام کو نجات دلائیں گے‘ امریکا کی ڈو مور پالیسی مزید نہیں چلے گی‘ پاکستان پر اقتصادی پابندیوں کی دھمکیا ں دینے والے امریکی صدر ٹرمپ سن لیں کہ چین جیسے مخلص دوست ملک کے ہوتے ہوئے ہمیں ان کی مشروط امداد کی کوئی ضرورت نہیں‘ پاکستانی عوام امریکی پالیسیوں کے لیے 70ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں‘ پاکستانی مزید امریکی امداد کے لیے’’ ڈو مور‘‘ کے لیے تیار نہیں‘ ٹرمپ پاکستان کے خلاف بات کرتے ہوئے یہ بات ذہن میںضرور رکھیں کہ وہ ایک ایٹمی قوت پاکستان کے خلاف بات کر رہے ہیں۔