قندھار میں خود کش حملہ 14 سیکیورٹی اہلکار ہلاک 

377

کابل/قندھار( خبرایجنسیاں+ مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں پولیس ہیڈکوارٹرز کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 14 اہلکار ہلاک اور 8زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ قندھار کے ضلع ماروف میں کیا گیا جس کی ذمے داری طالبان نے قبول کرلی۔قندھار پولیس کے ترجمان ضیا درانی نے بتایا کہ حملہ آور بارود سے بھری چوری کی گئی سرکاری گاڑی میں سوار تھا جو اس نے پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب واقع سرکاری دفاتر سے ٹکرادی۔پاکستانی سرحد سے متصل ضلع معروف میں سرحدی پولیس کے ایک کمانڈر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی وجہ سے جائے وقوع پر موجود عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔



علاوہ ازیں مغربی صوبے فرح کے ایک قصبے میں 3 پولیس چوکیوں پر حملے میں 10 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی انتظامیہ کے ترجمان محمد ناصر مہری نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ ادھردارالحکومت کابل میں امریکی فضائی حملے
کے دوران فائر کیا گیا میزائل اپنے ہدف کے بجائے ایک گھر پر جا گرا۔اس حملے میں خاتون شہید اور11 افراد زخمی ہوگئے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ ناٹو نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے افسوسناک قرار دیا ہے۔کہا گیا ہے کہ یہ فضائی حملہ افغان فوجیوں کی مدد کے دوران کیا گیا جو کابل کے ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں سے لڑ رہے تھے لیکن میزائل میں خرابی کی وجہ سے سمت تبدیل ہوگئی۔ ناٹو کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔