اسلام آباد (آن لائن؍اے پی پی؍صباح نیوز) انٹیلی جنس بیورو نے تحقیقات کر کے وزیراعظم کو ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں پنجاب سمیت ملک بھر کے درجنوں پارلیمنٹیرین کے کالعدم تنظیموں سے گہرے روابط کا تذکرہ ہے۔ ملک کے با اثر پارلیمنٹیرین کی فہرست پہنچتے ہی وزیراعظم
ہاؤس میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ معاملے پر ایک بار پھر تحقیقات کرائی جائیں اور اب کی بار وزارت داخلہ کو نگرانی کرنے کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا اور وہاں بھی اس معاملے کی مزید وضاحت طلب کی گئی ہے، اس موقع پر کمیٹی کے چند ارکان بھی کالعدم تنظیموں سے روابط میں ملوث تھے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے عوام کو غیر معمولی ثمرات ملیں گے۔ پاکستان کی تمام سیاسی ، جمہوری اور دیگر قوتیں سی پیک منصوبے کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوئی دقیقہ گزاشت اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری نے بلوچستان میں قیام امن ، صوبے کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز دیں۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گورنر سندھ محمد زبیر نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی پیکج سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی نئی ذمے داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں وژن 2030ء کے تحت بالخصوص توانائی، انفرااسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔