عمران خان کا خود اپوزیشن لیڈر بننے کا فیصلہ ، شاہ محمود دوڑ سے باہر

231

لاہور(آن لائن)پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کی دوڑ میں شامل پارٹی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی پر شدید تحفظات کا اظہارکیا۔ جس پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمنٹ میں تبدیلی کی صورت میں خود اپوزیشن لیڈربننے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے مثبت جواب ملنے کے بعد ہی تحریک انصاف
قائد حزب اختلاف نامزد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔



تحریک انصاف تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی قائد حزب اختلاف نامزد کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ نے ایوان میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب تک اس معاملے کو حتمی شکل نہیں دی گئی جبکہ آخری فیصلہ عمران خان کریں گے۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے بھی شاہ محمود قریشی کے موقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے پارٹی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو قائد حزب اختلاف نامزد کرنے کی خبر کو غلط رپورٹ کیا کیونکہ تحریک انصاف کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔