قائمہ کمیٹی کے خواجہ آصف کے بیان پر شدید تحفظات، آئندہ اجلاس میں طلب

217

اسلام آباد(صباح نیوز)قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے دورۂ امریکا کے موقع پر پاکستان عسکریت پسندوں کو قبول کرنے کے بیان کے حوالے سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔ کمیٹی نے ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف مہم کی شدید مذمت کی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں
مشترکہ طور پر مخدوم خسرو بختیار کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا جبکہ سابق چیئرمین سردار اویس خان لغاری کی کمیٹی کے حوالے سے کوششوں کو سراہا گیا۔



اجلاس میں ارکان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے امریکا میں عسکریت پسندوں کے حوالے سے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ کو کمیٹی میں طلب کیا جائے،جس پر چیئرمین کمیٹی نے وزیر خارجہ کے دورۂ امریکا، ٹرمپ کی افغان پالیسی اور بھارتی گرفتار جاسوس کل بھوشن یادیو کے حوالے سے کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ کے لیے طلب کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے ساتھ کمیٹی نے امریکا اور بھارت کے فوجی تعلقات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف مہم پر قرارداد مذمت منظور کی۔