سلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کو نواز شریف فوبیا ہوگیا ہے، عمران خان کے کیس میں نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں، عمران خان نے نوجوانوں کو بدتہذیبی اور بد تمیزی سکھائی ہے، عمران خان نے عدالت میں تمام جعلی اور غلط ثبوت پیش کیے ہیں۔ جمعرات کو عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان
نے عدالت میں تمام جعلی اور غلط ثبوت پیش کیے ہیں، عمران خان کے وکیل نے اعتراف کیا کہ یہ کیس ایف بی آرکا ہے۔ آج کیس کے دوران نیا کردار طاہر علی کے نام سے سامنے آیا، عمران خان نے بنی گالہ کے حوالے سے باربار موقف تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں ساڑہے 4 سال میں خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت نے کیا کیا؟ ہم نے ملک میں توانائی منصوبے لگائے، میٹرواوراسپتال بنائے جبکہ پشاورہائیکورٹ نے تعلیم اور صحت سے متعلق ازخود نوٹس لے رکھا ہے، کیا عمران خان نے خیبر پختونخوا میں کوئی نیا تعلیمی ادارہ یا اسپتال بنایا؟۔