نا اہلی کیس عمران خان سے جمائما کو قرض کی ادائیگی کے ٹھوس ثبوت طلب

198

اسلام آباد(خبرایجنسیاں)عدالت عظمیٰ نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جمائما کو قرض کی ادائیگی کے ٹھوس ثبوت طلب کرلیے ہیں۔جمعرات کوچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رقوم منتقلی سے متعلق شواہد پیش
کرنے کی ذمے داری عمران خان کی ہے،ٹھوس ثبوت دیں پرچیاں نہ دیں، ہم نے ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ مانگا ہے خطوط نہیں، این ایس ایل اکاؤنٹ سے جمائما کے اکاؤنٹ میں رقم منتقلی کی دستاویز کہاں ہیں؟چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل سے سوال کیا کہ ہمیں یہ بتائیں کہ جو رقم 75 ہزار پاؤنڈ کی تھی وہ آپ کی تھی؟اس پر وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ میں نفی میں جواب دیتا ہوں۔نعیم بخاری نے دلائل میں کہا کہ نیازی سروسز لمیٹڈ کی ملکیت سے متعلق مکمل جواب دوں گا۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بدقسمتی سے آپ تسلی بخش جواب نہیں دے پا رہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔